سرینواس یادو کی جانب سے کرسمس تحائف کی تقسیم

   


حیدرآباد :۔ وزیر برائے افزائش مویشیاں سمکیات ، فروغ ڈیری اور سنیما ٹو گرافی جناب ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ کرسمس تہوار عیسائیوں کے لیے بہت ہی مقدس سمجھا جاتا ہے اور اس تہوار کو عیسائی بہت ہی دھوم دھام اور جوش و خروش سے مناتے ہیں ۔ منگل کے روز ، کارپوریٹرز اکولہ روپا اور نمن شیشوکماری کے ہمراہ صنعت نگر حلقہ کے مونڈہ مارکٹ ڈیویژن میں ایس پی جی چرچ اور امیر پیٹ ڈیویژن کے ویویکانندا کمیٹی ہال میں حکومت کے زیر اہتمام کرسمس کے تحائف تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر سال 25 دسمبر کو دنیا بھر کے کروڑوں عیسائی کرسمس بہت ہی جوش و خروش سے مناتے ہیں ۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بہت سے اقوال ہمیں بتاتے ہیں کہ انسان کی زندگی کا طریقہ کیسا ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ کا مقصد ہے کہ ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے تہواروں کو بڑے جوش سے منائیں اور خوشی خوشی زندگی بسر کریں ۔ اس مقصد کے پیش نظر ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ، تلنگانہ ریاستی حکومت کے زیر قیادت تمام طبقوں کے تہواروں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کرسمس تہوار پر مبارکباد پیش کی ۔ اس پروگرام میں ڈی ایم سی مکندریڈی ، بشپ آشیروادم ، فادر جانسن ، ہنری ، راجو ، نریندر ، ہری ، ڈی ایم سی وامشی ، ڈی پی اوسندھیہ ، کرسچن فیلو شپ چرچ فوسٹر شیبہ ، ہنری رچرڈز ، جیکب ، موحسن ، سلیمان ، سریندر ، ٹی آر ایس قائدین راجا ریڈی ، وجیا ، درگم اشوک یادو ، عماناتھ گوڑ ، کوتورو نرسمہا ، انیل ، آنند اور دیگر نے شرکت کی ۔۔