سرینواس یادو کے سابق او ایس ڈی ضمانتقبل از گرفتاری کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع

   

حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ انیمل ہسبینڈری کے دفتر سے فائیلس اور ضروری دستاویزات غائب کرنے کے کیس میں سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کے سابق او ایس ڈی کلیان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کی ہے۔ نامپلی پولیس اسٹیشن میں 9 ڈسمبر کو کلیان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے پولیس کو تفصیلات داخل کرنے کیلئے نوٹس جاری کی ہے اور آئندہ سماعت 16 ڈسمبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ مانصاحب ٹینک میں واقع محکمہ انیمل ہسبینڈری کے دفتر میں سابق وزیر سرینواس یادو کے او ایس ڈی کلیان کا چیمبر تھا۔ 8 ڈسمبر کی شام آفس سے اہم فائیلس اور دستاویزات غائب کرنے کیلئے بعض افراد داخل ہوئے اور فائیلوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ دفتر میں دیگر کاغذات اور سامان بکھرا ہوا پایا گیا۔ سوشیل میڈیا میں اس واقعہ کے منظر عام پر آتے ہی اسی رات وہاں کام کرنے والے واچ مین ایم لکشمیا نے تفصیلات حاصل کی۔ شبہ ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کلیان کے علاوہ کمپیوٹر آپریٹر موہن، علی جان، وینکٹیش اور دیگر تین افراد نے کسی اجازت کے بغیر ہی دفتر میں داخل ہوکر دستاویزات کو غائب کردیا۔ اس سلسلہ میں نامپلی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔