سرینگر : سرینگر کے رامباغ میں آج پیش آئے انکاؤنٹر میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کہا کہ ان میں ایک سرکردہ ٹی آر ایف عسکری کمانڈر شامل ہے جسے سرینگر میں دو ٹیچروں کی ہلاکت کا ذمہ دار بتایا جاتا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے نیوز ایجنسی آئے اے این ایس کو بتایا کہ ٹی آر ایف کمانڈر مہران آج کے انکاؤنٹر میں مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 اکٹوبر کو سرینگر کی عیدگاہ میں واقع اسکول احاطہ میں وہاں کی پرنسپل سوپندر کور اور ان کے رفیق دیپک چند کی ہلاکت کیلئے مہران ذمہ دار تھا۔ انکاؤنٹر سے قبل دہشت گردوں کی موجودگی کے تعلق سے اطلاع ملنے پر آپریشن شروع کیا گیا جس کے بعد دہشت گردوں اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان مدبھیڑ ہوئی۔ جب سیکوریٹی فورسیس دہشت گردوں کے ٹھکانے کے قریب پہنچ گئے، انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ فورسیس نے جوابی کارروائی کی اور انکاؤنٹر کے نتیجہ میں مہران کے بشمول 3 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔