سرینگر جموں قومی شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال

   

سری نگر18فروری (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر کو ملک وبیرون ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر ۔جموں قومی شاہراہ سوموار کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی رہی ۔ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کے روز ٹریفک کوسری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت تھی لیکن متعدد گاڑیاں رام سواور رام بن علاقے کو پار کرنے میں ناکام ہوئی لہذا سوموار کو پہلے ان گاڑیوں کو رام سو اور را م بن پار کرنے کی اجازت ہوگی اور بعد ازاں گاڑیوں کوجموں سے سری نگر روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔ادھر محکمہ موسمیات نے 21 فروری تک برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے ۔وادی کو صوبہ لداخ کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے لگاتار بند ہے ۔قابل ذکر ہے کہ قریب تین سو کلومیٹر طویل سری نگر ۔جموں قومی شاہراہ 15 فروری سے ٹریفک کی یکطرفہ آمد ورفت کے لئے کھلی ہے ۔قومی شاہراہ، جو وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے ، کے بند رہنے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات ومسائل کاسامنا کرنا پڑتا ہے ، ایک طرف اشیائے ضروریہ کی قلت سے ہر سوہاہا کار مچ جاتی ہے تو دوسری طرف ذخیرہ اندوذ ومنافع خورعناصر گراں فروشی کے بازار کو گرم کرکے بچی کھچی کسر نکاتے ہیں۔