سرینگر میں ایک اور فوجی کی خودکشی

   

سری نگر: جموں و کشمیر میں ذہنی دباو اور پست ہمتی کے باعث فوج کے ایک اور اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کے فوجی کیمپ میں گولی کی آواز سے افسران اور اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ جائے وقوعہ پر ایک کانسٹیبل کی نعش خون میں لت پت پڑی تھی اور قریب ہی اس کی سرکاری رائفل بھی تھی،کانسٹیبل کو ساتھی اہلکار ملٹری اسپتال لے کر گئے جہاں زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دوران علاج کانسٹیبل نے دم توڑ دیا۔ نیم فوجی دستے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سر میں انتہائی قریب سے گولی ماری گئی تھی،شواہد سے لگتا ہے کہ کانسٹیبل نے نامعلوم وجوہات کے باعث خودکشی کی ہے،واقعہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔لاش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فوج اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیز کے اہلکاروں میں ذہنی دبائو اور پست ہمتی کے باعث خودکشی کے واقعات عام ہیں۔