سرینگر میں مسلح تصادم، تین جنگجو ہلاک

,

   

سری نگر۔جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے زونی مر نامی علاقہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان جاری مسلح تصادم میں اب تک تین جنگجو مارے جاچکے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے پوزوالپورہ زونی مر میں جنگجوئوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سرینگر پولیس اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن ایند سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی جب مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کررہی تھی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تصادم میں اب تک تین جنگجو مارے جاچکے ہیں جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ محصور جنگجوؤں کو خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش بھی کی گئی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔انہوں نے کہا کہ محصور جنگجوؤں کو خود سپردگی پر آمادہ کرنے کیلئے ان کے والدین کو بھی تصادم کی جگہ پر بلایا گیا تھا۔انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع سرینگر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرنے کے علاوہ تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی ہے ۔یہ سرینگر میں رواں برس چھڑنے والا دوسرا مسلح تصادم ہے ۔