سرینگر میں گرینیڈ حملہ، خاتون سمیت 7 افراد زخمی

,

   

سرینگر ۔12 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں ہفتہ کے روز ہونے والے ایک گرینیڈ حملے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد نے ہفتہ کو دوپہر کے وقت سرینگر کے قلب تاریخی لالچوک سے دو سو میٹر کی دوری پر واقع ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ نامعلوم افراد نے مصروف ترین ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں سات راہگیر زخمی ہوئے ۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقہ میں چیکنگ پوائنٹس کو متحرک کیا گیا ہے ۔ریاستی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ یہ گرینیڈ حملہ اس وقت کیا گیا جب وادی کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست کی دو حصوں میں تقسیم کے خلاف جاری ہڑتال 69 ویں دن میں داخل ہوگئی۔

وادی کشمیر میں پوسٹ پیڈ موبائیل سرویس کی کل سے بحالی
سرینگر ۔ /12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں گزشتہ 69 دن سے جاری تعطل کو ختم کرنے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جموں و کشمیر نظم و نسق نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ وادی میں پیر کی دوپہر سے تمام پوسٹ پیڈ موبائیل فون خدمات بحال کردیئے جائیں گے ۔ ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار اور سرکاری ترجمان روہت کنال نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ /14 اکٹوبر کی دوپہر سے تمام پوسٹ پیڈ موبائیل خدمات بحال کردی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان خدمات کی ہفتہ سے بحالی متوقع تھی لیکن لمحہ آخر میں تکنیکی خامی پیدا ہوجانے کے سبب بحالی موخر کی گئی ۔ ریاستی انتظامیہ ، وادی میں رہنے والے تقریباً 70 لاکھ افراد کیلئے سخت دشواریاں پیدا کرنے کے سبب تنقیدوں کا نشانہ بننے والی موبائیل خدمات کی اس معطلی کی برخاستگی کو ختم کرنے کے لئے مختلف راستوں اور امکانات پر غور کررہا ہے ۔
ایک مرحلے پر صرف بی ایس این ایل کو کھولنے اوراس کے بعد خانگی ٹیلی کام آپریٹرس کی طرف سے چلائی جانے والے اداروں کیلئے صرف آنے والے کالس متحرک کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا تھا ۔ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف فراہم کرنے والی دستور کی دفعہ 370 کی مرکز کی طرف سے /5 اگست کو تنسیخ کے بعد سے وادی کشمیر میں موبائیل اور انٹرنیٹ خدمات معطل ہیں۔