سرینگر کی تاریخی پتھر مسجد کی خستہ حالی کیخلاف احتجاج

   

سری نگر: سرینگر میں زینہ کدل علاقے میں دریائے جہلم کے کناروں پر واقع تاریخی اور منفرد طرز تعمیر کے باعث مشہور پتھر مسجد کی خستہ حالت سے مقامی عوام میں ناراضگی ہے اور وہ محکمہ آثار قدیمہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔تاریخی خانقاہ معلیٰ اور مجاہد منزل، جو وادی کی سب سے پرانی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کا کئی دہوں تک ہیڈ کوارٹر رہا ہے ، کے روبرو واقع قریب 600 سال قدیم پتھر مسجد محکمہ آثار قدیمہ کے تاریخی یادگاروں میں شامل ہے ۔مسجد کی شان اور تاریخی و دلکش طرز تعمیر کی بحالی کے لئے مقامی عوام نے محکمہ آثار قدیمہ کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجی ‘بچاؤ بچاؤ پتھر مسجد بچاؤ’ کے نعرے بلند کر رہے تھے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اس تاریخی مسجد کو محکمہ آثار قدیمہ نے خدا کے ہی رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور اس کی مرمت اور تزئین نو کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔