سری رام ساگر پراجکٹ میں پانی کا غیرمعمولی بہاؤ

   

احتیاطی اقدامات، عہدیداران پراجکٹ چوکس، دریائے گوداوری سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ

حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں گزشتہ دنوں کے دوران اونچے علاقوں سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ رہنے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے چند گیٹس کھول دیئے گئے تھے لیکن گزشتہ دن سے اس بہاؤ میں کمی کو دیکھتے ہوئے عہدیداران متعلقہ پراجکٹ نے ڈیم کے کھولے ہوئے چند گیٹس کو آج بند کردیا۔ کیوں کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی مکمل سطح 590 ہے اور اس سطح کو رکھتے ہوئے پراجکٹس کے گیٹس بند کردیئے گئے۔ عہدیداروں کے مطابق پانی کے بہاؤ میں اضافہ یا کمی پر گہری نظر رکھی گئی ہے۔ ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں اِن فلو (پانی کی آمد) اور آؤٹ فلو (پانی کا اخراج) بھی 48990 کیوزکس درج کیا گیا اور پانی کی جملہ سطح 590 فیٹ ہونے پر فی الوقت جملہ سطح آب 589.50 فٹ کو برقرار رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسی دوران محکمہ آبپاشی کے ذرائع نے بتایا کہ ضلع نظام آباد کے پوچم پاڈ پراجکٹ (سری رام ساگر پراجکٹ) میں پانی کا تیز بہاؤ ہے۔ ان فلو 84738 کیوزکس رہنے پر آؤٹ فلو صرف 634 کیوزکس ہے۔ سری رام ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح 1091 فٹ ہونے پر موجودہ سطح آب 1079.10 فٹ ہے۔ کیوں کہ اس دوران دریائے گوداوری کے بالائی علاقوں میں بارش کے جاری رہنے سے پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ ضلع نظام آباد کے اطراف و اکناف علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے پانی دریائے گوداوری میں جمع ہوکر سری رام ساگر پراجکٹ میں ہی جارہا ہے۔ اس طرح پراجکٹ عہدیداروں کی جانب سے اس بہاؤ کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے پانی کی جملہ سطح کے نشانہ کا لحاظ رکھتے ہوئے زاید پانی آنے پر اس کو خارج کرکے پانی کی سطح کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے ہیں۔