نظام آباد۔ 3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بودھن مسٹر پی سدرشن ریڈی نے آج ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو پولیس کمشنر کملیشور اور عہدیدارو ں کے ہمراہ سری رام ساگر پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔سری رام ساگر پراجیکٹ کی سطح آب مکمل ہونے کے باعث 41 دروازوں کے ذریعے گوداوری میں پانی چھوڑنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا ۔اس موقع پر سدرشن ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور پاورجرنیٹر پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا اور ہر روز یہاں سے پیدا ہونے والی برقی کی تفصیلات بھی حاصل کی۔ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کاشت کے لیے پانی سربراہ کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ طور پر اقدامات کر رہی ہے گزشتہ تین دنوں سے ضلع میںموسلادھار بارش کی وجہ سے آبی پراجیکٹ لبریز ہو گئے ہیں۔ ربیع کے سیزن میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں شدرشن ریڈی نے آرمورمیونسپل آفس میں ضلع کلکٹر ،پولیس کمشنر کے ہمراہ جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا اور تفصیلات حاصل کی ۔اس موقع پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ اوپر حصے مہاراشٹرا سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تقریبا چار لاکھ کیوزک سے زائد پانی کا فلو پراجیکٹ کو آ رہا ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے سری رام ساگر پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہو رہا ہے اس کو نظر میں رکھتے ہوئے نشیبی علاقے میں پولیس کو چوکس رکھا گیا۔ اس موقع پر صدر نشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان، کوآپریٹیو لمیٹیڈ چیئرمین موہن ریڈی، سابق ایم ایل سی اے نرسا ریڈی ،آرمور صدر نشین بلدیہ لاونیا کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔