سری رام ساگر کے عہدیداروں کی چوکسی سے کئی علاقے بہہ جانے سے محفوظ

   

انتہائی بھیانک خطرہ ٹل گیا
سری رام ساگر کے عہدیداروں کی چوکسی سے کئی علاقے بہہ جانے سے محفوظ
بابلی پراجکٹ کے انجنیئرس کی مجرمانہ لاپرواہی ، کسی اطلاع کے بغیر اچانک پانی چھوڑدیا گیا

حیدرآباد ۔/29 اکٹوبر (سیاست نیوز) ضلع نظام آباد کے سری رام ساگر پراجکٹ (پوچم پاڈ پراجکٹ) کے انجنیئروں نے بابلی پراجکٹ کے انجنیئروں کے طرز عمل اور انجام دیئے جانے والے اقدامات پر نہ صرف اپنی شدید برہمی کااظہار کیا بلکہ اپنا سخت احتجاج بھی کیا اور بتایا کہ گزشتہ دنوں کسی اطلاع یا انتباہ دیئے بغیر عہدیداران بابلی پراجکٹ (انجنیئروں نے) نے سری رام ساگر پراجکٹ کیلئے پانی چھوڑ ردیا ۔ جس کی وجہ سے سری رام ساگر پراجکٹ میں توقع سے ہٹ کر ذخیرہ آب کی سطح میں اضافہ ہوگیا ۔ تاہم اچانک سری رام ساگر پراجکٹ بڑھتی ہوئی سطح آب کا اندازہ لگاکر متعلقہ عہدیداران سری رام ساگر پراجکٹ چوکس ہوگئے اوربڑھتی ہوئی سطح آب کا سلسلہ شام تک بھی جاری رہا ۔ جس کے پیش نظر سری رام ساگر پراجکٹ کے عہدیداروں نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات اختیار کرکے سری رام ساگر پراجکٹ کے گیٹس کھول کر فاضل پانی کا اخراج کردیا ۔ جس کے باعث ایک انتہائی بھیانک خطرہ ٹل گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بابلی پراجکٹ عہدیداروں کی غفلت و لاپرواہی کے باعث خود مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ میں مختلف مقامات پانی سے زیر آب آگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پیدا شدہ صورتحال سے واقف ہونے کے فوری بعد ناندیڑ ، ضلع کے آبپاشی محکمہ کے دو انجنیئرس نے اپنے ردعمل کا اظہار کرکے سری رام ساگر پراجکٹ کے انجنیئرس سے ربط پیدا کرکے حالات سے واقف کروایا اور ناندیڑ ضلع کے مزید مقامات کو زیر آب آنے سے بچانے کیلئے تیزی کے ساتھ فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کی خواہش کی اور ناندیڑ محکمہ آبپاشی کے انجنیئرس کی خواہش کے مطابق فوری طور پر فاضل پانی کو تیزی کے ساتھ سری رام ساگر پراجکٹ سے پانی کو بہادینے کے عمل کا آغاز کردیا ۔ تاہم بابلی پراجکٹ انجنیئروں کی غفلت و لاپرواہی پر فوری طور پر سری رام ساگر پراجکٹ سپرنٹنڈنگ انجنیئر مسٹر جی سرینواس ریڈی نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس پیش آئے واقعہ پر اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت اور نمائندگی کرنے کی توقع پائی جاتی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ پانی چھوڑنے کے معاملہ میں جب کا تب اطلاع دینا اور معلومات فراہم کرنے کو یقینی بنانے بابلی پراجکٹ کے عہدیداروں (انجنیئرس) کو مناسب ہدایت دینے کی اعلیٰ عہدیداران بابلی پراجکٹ سے خواہش بھی کریں گے ۔