گوداوری علاقہ کے عوام کو چوکس اور محتاط رہنے کا مشورہ ، گدوال میں کئی راستے مسدود کردیئے گئے
نظام آباد :ضلع نظام آباد میں جاری بارش کے باعث سری رام ساگر پراجیکٹ لبریز ہونے کی وجہ سے 33 دروازے کھولتے ہوئے دو لاکھ کیوزکس پانی نچلے حصہ کو چھوڑ دیا جارہا ہے ۔ مہاراشٹرا اوپری حصہ سے پانی کے بہائو کا سلسلہ جاری ہے بارش کا پانی کم ہونے کے باوجود بھی مہاراشٹرا کے وشنوی پوری ، بلے گائوں پراجیکٹوں سے پانی کا بہائو کا سلسلہ جاری ہے ۔ اور سری رام ساگر پراجیکٹ کی سطح آب 1091 فٹ ہے اور 90 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ موجود ہونے کی وجہ سے 2لاکھ کیوزکس پانی نچلے حصہ کو چھوڑا جارہا ہے ۔ پانی کے چھوڑے جانے کے باعث برقی پیدا وار شروع ہوگئی ہے ۔ 4 پینل کے ذریعہ 36 میگا واٹ برقی پیداوار ہورہی ہے سری رام ساگر پراجیکٹ کے ایس سی سرینواس نے بتایا کہ پانی کا بہائو کا سلسلہ آئندہ دو دن تک بھی جاری رہنے کے امکانات ہیں ۔ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے بھی سری رام ساگر پراجیکٹ کا دورہ کرتے ہوئے ایس ای سے تفصیلات حاصل کی اور سیاحوں کو اس علاقہ میں نہ آنے دینے کی ہدایت دی ۔ پراجیکٹ لبریز ہونے کی وجہ سے دروازہ کھولتے ہوئے نچلے حصہ کو پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ گوداوری کے علاقہ میں رہنے والے افراد کو چوکس رہنے کی اور سیاحوں سے تعاون کی اپیل کی ۔
گدوال : نمائندہ گدوال کے بموجب جورالہ پراجکٹ ڈیم کے 32 دروازے کھول دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا اور کرناٹک میں ہوئی زبردست بارش کی وجہ نارائن پور ڈیم اور المٹی ڈیم سے بھاری مقدار میں وہاں سے جورالہ پراجکٹ ڈیم گدوال کو پانی چھوڑا گیا ہے جس کی وجہ سے جورالہ پراجکٹ ڈیم کے قریب وجوار میں واقع مواضعات میں خطرے کے امکانات کے پیش نظر گاؤں والوں کو الرٹ کیا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کیلئے تیار رہیں ۔ فی الوقت المٹی ڈیم اور نارائن پور ڈیم سے گدوال کے اندرا پریہ درشنی جورالہ پراجکٹ ڈیم کو انفلو واٹر 290000 ( دو لاکھ نوے ہزار) کیوسک پانی چھوڑا گیاہے جس کی بنا پر جورالہ پراجکٹ ڈیم سے آؤٹ فلو 319000( تین لاکھ انیس ہزار) کیوسک پانی نیچے سری سیلم ڈیم کو چھوڑا گیا ہے ۔ اسی طرح پاور ہاؤس کیلئے 20,000 ( بیس ہزار) کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔ فی الوقت 316.750 میٹر پانی رکھ کر باقی پانی چھوڑا گیاہے ۔ ہمیشہ کی طرح دروازے کھولنے پر لوگوں کا ہجوم نظارہ کیلئے امنڈ پڑا لیکن اس بار خطرے کے باعث پولیس کی بھاری بندوبست کرتے ہوئے لوگوں کی آمد و رفت کو پوری طرح مسدود کردیا گیا ہے اور ہر قسم کی سواری کو روک دیا گیا ہے جس سے گدوال سے ہوتے ہوئے آتماکور ، مکتھل ، نارائن پیٹ کے لئے جانے اور آنے والے مسافروں کو شدید تکالیف سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔
