نئی دہلی، 13 نومبر (آئی اے این ایس) آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف روحانی رہنما سری سری روی شنکرنے جمعرات کو حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امن، ہمدردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پرگفتگو کی۔ سری سری روی شنکر سات برس بعدکشمیر آئے اور وادی کی روحانی و ثقافتی وراثت کو سراہا۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ان کا ادارہ ہمیشہ امن و مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے سری سری کی انسدادِ منشیات مہم کی بھی تعریف کی اور سیاسی قیدیوں کے لیے ہمدردانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی۔ قبل ازیں، روی شنکر نے بکشی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایجو یوتھ میٹ میں 20 ہزار طلبہ سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے منشیات سے پاک اور پرامن کشمیر کے عزم پر زور دیا۔انہوں نے نوجوانوں کو مراقبہ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہازندگی جھگڑوں کے لیے نہیں، محبت کے لئے ہے۔