حیدرآباد، یکم جولائی (یو این آئی) دریایے کرشنا ندی کے طاس میں گزشتہ چند دنوں سے شدید بارش سے تلگو ریاستوں کے اہم ذخائر سری سیلم و ناگرجنا ساگر میں زبردست پانی کا بہاؤ درج کیا گیا ۔ جورالا پراجیکٹ سے تقریباً 1.20 لاکھ کیوزک پانی کا بہاؤ جاری ہے ، جس کے نتیجہ میں سری سیلم کی آبی سطح 875 فٹ تک پہنچ چکی ہے ۔ چونکہ سری سیلم کی مکمل گنجائش 885 فٹ ہے ، اب صرف 10 فٹ کا فرق باقی ہے ۔ حکام کسی بھی وقت دروازے کھول کر پانی چھوڑنے تیار ہیں تاکہ پراجیکٹ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس وقت سری سیلم کے دائیں و بائیں پاور ہوز کے ذریعہ تقریباً 58,000 کیوزک پانی سے توانائی پیدا کی جا رہی ہے ۔ ناگرجنا ساگر میں پانی کی مکمل سطح 590 فٹ ہے جبکہ فی الحال اس کی آبی سطح 514.50 فٹ پانی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ بالائی علاقوں سے تقریباً 17,000 کیوزک پانی ناگرجنا ساگر میں داخل ہو رہا ہے ۔ حیدرآباد کے پانی کی ضروریات کیلئے 900 کیوزک پانی فراہم کیاجا رہا ہے ۔