حیدرآباد 2۔ ۔ جولائی۔ (یو این آئی)۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی سرحد پر واقع سری سیلم ریزروائرمیں پانی کی سطح میں زبردست اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں ہو رہی موسلا دھار بارش اور جورالا ڈیم سے مسلسل پچھلے ہفتہ بھر سے پانی کوچھوڑنے کے نتیجہ میں سری سیلم ریزروائر میں پانی کی سطح میں اضافہ درج کیاگیا ہے ۔ حکام کے مطابق، آج تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جورالا سے آنے والے پانی اور بارش کے پانی کو ملا کر 83,224 کیوزک پانی سری سیلم ریزروائر میں داخل ہوا۔ ریزروائر کی مکمل سطح 885 فٹ ہے ، جب کہ اس وقت پانی کی سطح 875.2 فٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ پانی کے تیزی سے بڑھتے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے حکام نے سری سیلم کے دائیں اور بائیں پاور ہاؤسس میں بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے ۔ اس وقت تقریباً 35,315 کیوزک پانی نچلی سمت چھوڑا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ناگرجنا ساگر ریزروائرکی طرف بھی سیلابی صورتحال جاری ہے ۔