محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو بڑے پیمانہ پر ترقی ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سری سیلم لیفٹ بینک کنال کی سرنگ کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت پراجکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ کی تعمیری کاموں کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے اور تعمیری کاموں کی تکمیل کیلئے عہدیداروں کو پابند کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے پاس جلد ہی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں فینانس ، برقی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شریک ہوں گے تاکہ سرنگ کے تعمیری کاموں کو کلیئرنس حاصل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ کے حالیہ واقعہ کے بعد حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ باقی کاموں کی تکمیل کے لئے تجاویز حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 کیلو میٹر کی سرنگ کا کام باقی ہے جس کے نتیجہ میں پراجکٹ سے پانی کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ حکومت پانی کے حصول کیلئے برقی کے استعمال پر سالانہ 750 کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ پراجکٹ کو مکمل کرے گی۔ این جی آر آئی کی جانب سے سروے کرتے ہوئے تعمیری کاموں میں مدد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تقریباً تین دہوں بعد عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے اور اگزیکیٹیو انجنیئرس کو سپرنٹنڈنگ انجنیئرس کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو انجنیئرس کو ڈپٹی اگزیکیٹیو انجنیئرس اور سپرنٹنڈنگ انجنیئرس کو چیف انجنیئرس کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سنگور ڈیم کے تحفظ پر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے ماہرین کی ٹیم روانہ کی گئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے زیر تکمیل آبپاشی پراجکٹس کا جائزہ لیا۔1