سری سیلم پروجیکٹ کے دس دروازے کھول کر پانی کو خارج کیا گیا

   

حیدرآباد، 10 اگست (یو این آئی) تلنگانہ اور اے پی کے اہمیت کے حامل سری سیلم پروجیکٹ کے دس دروازے کھول کر پانی کو خارج کیا گیا۔گزشتہ روز اس کے چار دروازے کھولتے ہوئے پانی چھوڑا گیا تھا تاہم آج صبح اس کے دس دروازے کھولتے ہوئے پانی چھوڑا گیا۔اس منظر کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے اس منظر کی تصاویر بھی لیں۔پانی کے شدید بہاو کے پیش نظر اس پروجیکٹ کے 12دروازوں میں سے 10دروازے کھول کر 2,43,171 کیوزک پانی ناگرجنا ساگر میں چھوڑا گیا۔ایک دروازے کو 10میٹر تک اونچا اٹھایا گیا۔عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔اس پروجیکٹ میں جملہ 4.04لاکھ کیوزک پانی کا بہاو درج کیاگیا۔سری سلیم پروجیکٹ کی مکمل سطح آب 885فیٹ ہے تاہم موجودہ طورپر اس کی سطح 882.70 فیٹ درج کی گئی ہے ۔اس کی مکمل سطح آب 215.81 ٹی ایم سی ہے تاہم موجودہ طور پر اس کی سطح آب 202.96 ٹی ایم سی درج کی گئی۔اس پروجیکٹ کے ایڈوگٹو بجلی کے مرکز کے ذریعہ 42,378 کیوزک،کوٹے گٹوبجلی کے مرکز کے ذریعہ 31,059 کیوزک پانی چھوڑا گیا۔کلواکرتی لفٹ اریگیشن پروجیکٹ کے ذریعہ 800کیوزک، ہندری نیوا پرواجیکٹ کے لئے 2025 کیوزک،پوتی ریڈی پاڈو ہیڈ ریگولیڑی کے ذریعہ 28,000کیوزک پانی،منچومری کی کے سی کنال کے لئے 735کیوزک چھوڑا گیا۔ ساتھ ہی ناگرجنا ساگر پروجیکٹ میں پانی کا بہاو دیکھاجارہا ہے ۔اس میں پانی کا بہاو 1.02لاکھ کیوزک درج کیاگیا ہے جس پر اس سے 6051کیوزک پانی چھوڑا گیا۔ ناگرجنا ساگر کی مکمل سطح آب 590فیٹ ہے جبکہ اس کی موجودہ سطح آب 520.90 فیٹ درج کی گئی۔واضح رہے کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے بالائی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے بعد کرناٹک کے الماٹی اورنارائن پور ڈیمس کے دروازے کھولتے ہوئے تلنگانہ کے جورالہ پروجیکٹ میں پانی کو چھوڑا گیا جس پر جورالہ کے 40دروازے کھولتے ہوئے پانی کو خارج کیاگیا اور تلنگانہ اور اے پی کے اہمیت کے حامل سری سیلم پروجیکٹ میں بھی پانی کا شدید بہاو دیکھا گیا جس پر سری سیلم پروجیکٹ کے دروازے بھی کھولتے ہوئے پانی چھوڑا گیا۔