سری سیلم ڈیم کے تین دروازے کھول کر پانی کی نکاسی

   

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں بارش اور ذخائر آب کی سطح مکمل ہونے کے بعد حکومت سے کئی ذخائر آب سے پانی کا اخراج شروع کردیا گیا ۔ سری سیلم ڈیم کے تین دروازے کھول کر پانی کے اخراج کا آغاز ہوچکا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق سری سیلم پراجیکٹ میں جرالہ اور تنگبھدرا میں سیلاب کے نتیجہ میں 4لاکھ کیوزک پانی سری سیلم ڈیم میں جمع ہوچکا ہے جس سے یہاں سطح آب مکمل ہوچکی ہے اس سے پہلے کے پانی خطرہ کے نشان کو عبور کرجائے محکمہ آبپاشی نے فیصلہ کیا کہ ڈیم کے 3دروازوں کو کھول کر پانی کا اخراج کیا جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ سری سیلم ڈیم کی مکمل سطح آب 215 ٹی ایم سی ہے اور فی الحال 180ٹی ایم سی پانی ڈیم میں جمع ہوچکا ہے اسی لئے پراجکٹ کے گیٹ نمبر 6‘7 اور 8 کو کھول کر 27ہزار کیوزک پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا گیا اور دروازوں کو 12 فیٹ تک اٹھایا گیا ہے۔ سری سیلم پراجکٹ کی مکمل سطح آب 885 فیٹ ہے اور پانی 876 فیٹ تک پہنچنے کے بعد دروازوں کو کھولنے اقدامات کئے گئے ہیں۔3