سری سیلم کے 10 اور ناگر جنا ساگر کے 14 دروازے کھول دئیے گئے

,

   

کرناٹک میں مسلسل بارش کی وجہ پانی کا تیز بہاؤ جاری ، عہدیداروں کی جانب سے احتیاطی اقدامات

حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی پڑوسی ریاست کرناٹک میں جاری مسلسل بارش کے باعث دریائے کرشنا کے ذریعہ سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا تیز بہاؤ جاری ہے جس کے پیش نظر سری سیلم پراجکٹ سے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کے لیے دس گیٹس کھول دئیے گئے اور سری سیلم پراجکٹ سے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کے بعد ناگر جنا ساگر پراجکٹس کی سطح آب میں نہ صرف اضافہ ہوجانے بلکہ فاضل پانی کو چھوڑنے کے لیے عہدیداران ناگر جنا ساگر ڈیم کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے تحت فوری طور پر پھر ایکبار ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے 14 گیٹس کھول دئیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ سے ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں 2,58,470 کیوسیکس پانی جمع ہورہا ہے ۔ جب کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ ہے ۔ لیکن فی الوقت ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب فاضل پانی کو چھوڑنے کے بعد 589.70 فیٹ پائی جاتی ہے اور اس طرح ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں جملہ 311.14 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ پایا جاتا ہے ۔ اسکے باوجود ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے ذریعہ نچلی سطح کیلئے 2,58,478 کیوسیکس فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 885 فٹ ہے ۔ فاضل پانی جمع ہونے پر پانی کا اخراج مسلسل عمل میں لانے کے باعث سری سیلم پراجکٹ کی موجودہ جملہ سطح آب 884.80 فٹ پائی جاتی ہے اور اس طرح پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ 214.84 ٹی ایم سیز پایا جاتا ہے ۔ پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے فاضل پانی کو تیزی سے خارج کرنے کے لیے ہی سری سیلم پراجکٹ کے 10 گیٹس کھول دئیے گئے ہیں ۔

ان عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ میں اوپری حصہ سے 2.12 لاکھ کیوسیکس کا انفلو پایا جارہا ہے ۔ جب کہ آوٹ کلو 3.48 لاکھ کیوسیکس کیا جارہا ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ کے برقی تیاری پراجکٹ کے ذریعہ برقی کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے ۔ سری سیلم پراجکٹ عہدیداروں نے بتایا کہ دریائے کرشنا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے سری سیلم پراجکٹ میں بھی پانی کا بہاؤ اتنا ہی تیز پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے پراجکٹ میں پانی کی سطح آب پر گہری نظر رکھی گئی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر سری سیلم پراجکٹس کے ذریعہ فاضل پانی کا بھی اتنی ہی تیزی کے ساتھ خارج کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں ۔