سری لنکائی بحریہ نے 350 کلوگرام منشیات ضبط کی

   

کولمبو، 2 نومبر (یو این آئی) سری لنکائی بحریہ نے ایک ماہی گیری کے جہاز سے 350کلوگرام سے زیادہ کرسٹل میتھ ایمفیٹامائن اور ہیروئن برآمد کی ہے ، ان کی قیمت تقریباً پانچ ارب روپے ہے ۔ میتھ ایمفیٹامائن کو عام طور پر آئس کے نام سے جانا جاتا ہے ۔نائب وزیرِ دفاع میجر جنرل ارونا جئے شیکھر نے اتوار کے روز صحافیوں کو بتایا کہ یہ منشیات 16 تھیلوں میں تھیں اور ماہی گیری کے ایک جہاز کے اندر سے ملی ہیں، جسے بحریہ نے ہفتے کے دن ملک کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں روکا تھا۔ جہاز کو اتوار کی صبح ڈیکووِٹا ماہی گیری بندرگاہ پر لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاز پر سوار چھ مشتبہ افراد کو بحریہ نے حراست میں لے لیا ہے ۔نائب وزیر نے کہا کہ سری لنکا نے اس سال اب تک تقریباً چار ٹن کرسٹل میتھ ایمفیٹامائن اور ہیروئن ضبط کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ سری لنکا حکومت کی ترجیح ہے ۔