سری لنکائی ٹسٹ ٹیم کے دورے کی راہ ہموار:کوچ

   

کراچی ۔30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رامیش رتنائیکے نے کہا ہے کہ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے نوجوان سری لنکائی ٹیم کی آمد، ٹسٹ سیریز کیلئے سری لنکن ٹاپ کرکٹرز کی آمد کی راہیں ہموار کرے گی۔ کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں سری لنکائی کوچ نے کہا کہ جو کھلاڑی اس مرتبہ نہیں آئے، ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے لیکن اس دورے کی کامیابی کے بعد اگلے دورے میں ان کرکٹرز کو پاکستان لانے کی راہیں ہموار ہوں گی۔ رامیش رتنائیکے نے امید ظاہر کی کہ دیگر ٹیموں کو بھی اس دورے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی کرنے میں آسانی ہوگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو یہ پیغام نہیں دے سکتے کہ یہاں آئیں کیوں کہ جب تک کوئی خود آکر حالات نہیں دیکھ لیتا، اس کو اندازہ نہیں ہوگا۔ سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ نے سیکیورٹی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہیں ایسی سیکیورٹی پہلے کبھی کہیں نہیں ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سطح کی سیکیورٹی کا تصور بھی نہیں کیا تھا اور سری لنکا میں تو شاید وزیر اعظم کو بھی ایسی سیکیورٹی نہ ملتی ہو۔ پاکستان سے سیریز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سابق سری لنکن بولر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی ٹیم ہے جبکہ اس کے مقابلے میں سری لنکا کی موجودہ ٹیم نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ہے، لیکن یہ ٹیم کسی بھی بڑی ٹیم کو ہرانا جانتی ہے ۔