سری لنکائی کھلاڑیوں پر دورہ ٔپاکستان کیلئے بورڈ کا دباؤ؟

   

کولمبو۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اپنے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا۔سری لنکا کرکٹ نے کیریبیئن پریمیئر لیگ سمیت مختلف غیرملکی ایونٹس کھیلنے کے خواہاں کچھ کھلاڑیوں کے این او سی روک لئے ہیں۔ بورڈ کے اہم ذرائع نے تصدیق کی کہ لسیتھ ملنگا، نروشن ڈیکویلا اور تھشارا پریرا سی پی ایل میں سینٹ لوشیا زوکس جبکہ اسورو اڈانا سینٹ کٹس نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے 4 ستمبر تا 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کیلئے این او سی مانگا تھا لیکن ہنوز جاری نہیں کیا گیا ہے۔ گذشتہ جمعے کو کرکٹ جنوبی افریقہ نے آل راؤنڈر اڈانا کو اپنے ٹی 20 ایونٹ میں بطور انگلش کرکٹرڈیوڈ ویلی متبادل پرل راکس میں شامل کیا تھا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان پرخدشات دور کرنے کیلئے 9 ستمبر کو 30 کے قریب کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے۔ انھیں بورڈ کے صدر شمی سلوا اور روشین گوناتھلاکا پی سی بی کی جانب سے مرتب کئے گئے سیکیورٹی انتظامات سے واقف کروایا جائے گا۔ یاد رہے کہ کچھ سینئر کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان کا دورہ نہیں کرنا چاہتے،ان میں ملنگا، انجیلو میتھیوز، ڈیموتھ کرونارتنے، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، نروشن ڈیکویلا اور لاہیرو تھریمانے شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سری لنکائی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں دورۂ پاکستان کے دوران کراچی اور لاہور میں 3 ونڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گی۔ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر ہی لاہور میں ہوئے دہشتگرد حملے کے بعد یہ پہلی ٹیم ہوگی جو زیادہ دیر پاکستان میں قیام کرے گی۔دوسری جانب پی سی پی نے کہا ہے کہ سری لنکائی کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کیلئے تیار کرنا سری لنکا کا داخلی معاملہ ہے ۔