سری لنکا ایک ٹسٹ پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار

   

کراچی ۔ 12جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آنے کے باوجود فوری طور پر پاکستان میں مکمل بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دکھائی نہیں دے رہی لیکن سری لنکائی کرکٹ ٹیم دو میں سے ایک ٹسٹ پاکستان میں کھیلنا چاہتی ہے۔توقع ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوںکی سیریز کا ایک مقابلہ لاہور یا کراچی میں کھیلنے پر رضامند ہے۔لاہور میں ٹسٹ میچ ہونے کے امکانات روشن ہیں جبکہ دوسرا ٹسٹ دبئی میں ہوگا۔ ذرائع کے بموجب سری لنکا کرکٹ بورڈ اس بارے میں پی سی بی کو حتمی جواب ستمبر میں آئی سی سی اجلاس کے دوران دے گا۔یادرہے کہ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے اور پاکستان متحدہ عرب امارات میں سری لنکا ئی ٹیم کی میزبانی کرے گا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ایک ٹسٹ پاکستانی سرزمین پر ہو۔