سری لنکا: سابق صدر گوٹابایا کی جلا وطنی سے واپسی

   

کولمبو ۔ اقتصادی بدحالی سے ناراض عوام نے جولائی میں سابق صدر گوٹابایا راجاپکسے کے مکان اور دفتر پر حملے کر دیے تھے جس کے بعد انہیں ملک چھوڑ کر فرار ہونا پڑ گیا تھا۔ جمعہ کی رات وہ تھائی لینڈ میں جلا وطنی سے کولمبو واپس لوٹ آئے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کے سابق صدرگوٹابایا راجا پکسیتھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے جمعہ کو تقریباً نصف شب کے قریب کولمبو کے بندرانائیکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے۔ ان کی سیاسی جماعت کے اراکین نے ہوائی اڈے پر ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد میں انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کاروں کے ایک قافلے میں لے جایا گیا۔ سری لنکا کے عوام ملک میں غیر معمولی اقتصادی بحران کے لیے گوٹابایا راجاپکسے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔ ان کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد وہ 13جولائی کو ایک فوجی طیارے میں اپنی اہلیہ اور دو محافظوں کے ساتھ مالدیپ فرار ہو گئے تھے۔ وہ وہاں سے تھائی لینڈ جانے سے قبل سنگاپور گئے اور وہیں سے اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔ تھائی لینڈ سے ہی انہوں نے اپنی وطن واپسی کے لیے اپنے جانشین رانل وکرما سنگھے سے مدد کی اپیل کی۔