سری لنکا میں اب 20 جون کو پارلیمانی انتخابات

   

کولمبو،21اپریل(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا الیکشن کمیشن نے منگل کو بتایا کہ پارلیمانی انتخابات اب 20 جون کو ہوں گے ۔ یہ انتخابات پہلے 25 اپریل کو ہونے والے تھے لیکن کورونا وائرس بحران کی وجہ سے اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔حکومت کے محکمہ اطلاعات نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اس فیصلے کے بعد انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان سے متعلق ایک خاص گزٹ نوٹس جاری کیا جائے گا۔اس سے پہلے الیکشن کمیشن کے سربراہ مہندا دیس پریا نے کہا تھا کہ ان حالات میں 25 اپریل کو انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے کیونکہ سرکاری ملازمین ان حالات میں کام نہیں کر سکتے ہیں۔قابل غور ہے کہ سری لنکا کے صدر گوتبایا راج پکشے نے دو مارچ کو پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا تھا۔