سری لنکا میں جمعہ تا پیر شام 6 بجے تا صبح 6 بجے کرفیو نافذ

   

کولمبو ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں جمعہ سے پیر تک تیزی سے پھیلتے کورناوائرس سے نمٹنے ملک گیر پیمانے پر کرفیو کا نفاذ کیا جائے گا جس میں اب تک عالمی سطح پر 9000 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ صدر گوٹابایا راجہ پکسے کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ یاد رہیکہ صرف ایک روز قبل ہی ملک کے الیکشن کمیشن نے ملک میں پارلیمانی انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیاتھا جو 25 اپریل کو منعقد شدنی تھے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 25 مارچ کے بعد انتخابات کی نئی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ ملک کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے (جمعہ) تا صبح 6 بجے (پیر) کرفیو کانفاذ کیا جائے گا حالانکہ اس اعلان کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی تاہم عام خیال یہی ہیکہ حکومت نہیں چاہتی کہ لوگ ایک دوسرے سے رابطہ میں رہیں کیونکہ اس سے کووڈ۔19 وائرس پھیل سکتا ہے جو انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہورہا ہے۔ اب تک سری لنکا میں کوروناوائرس سے متاثر 66 افراد میں سے 25 افراد ایسے ہیں جو بیرونی ممالک سے واپس آئے ہیں۔