جنیوا : اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ مشیل باچلیٹ نے سری لنکا میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد کی سخت مذمت کی ہے۔ جنیوا میں ہیومن رائٹس کونسل کے سینتالیسویں اجلاس سے خطاب کے دوران باچلیٹ نے سری لنکن حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد کی لہر پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے سری لنکا میں لاپتا شہریوں کی تلاش سے متعلق ادارے میں نئے افراد کے تقرر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا میں فوج کی جانب سے کورونا وائرس کے نام پر عائد پابندیوںکی خلاف ورزی کے الزام میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد کا انکشاف ہوا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق کورونا سے حفاظتی تدابیر پر عمل کرانے کے دوران متعصب فوج نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور مسلمانوں کی تذلیل کی تھی، جس کی وڈیو وائرل ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
