سری لنکا میں ملک گیر ہڑتال، حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

   

کولمبو : سری لنکا میں ملک گیر ہڑتال کے نتیجے میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ آج جمعہ کے روز بسیں اور ریلوے سروس روک دی گئی ہیں جبکہ تمام تر دفاتر اور فیکٹریوں سے ملازمین بھی غیر حاضر ہیں۔ ٹریڈ یونینز کی جانب سے ملک میں شدید معاشی بحران کے نتیجہ میں ملک گیر ہڑتال کی کال دی گئی اور حکومت سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب صدر گوٹابیا راجاپاکشا نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا ہے۔ یہ جنوبی ایشیائی ملک بجلی، خوراک، تیل، ادویات کی قلت کا شکار ہے۔ اس وجہ سے حالیہ ہفتوں میں حکومت مخالف شدید احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔