سری لنکا میں پٹرول کیلئے قطار میں کھڑے2 افرادفوت

   

معاشی بحران کے باعث کاغذ کی قلت ،امتحانات غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
کولمبو:سری لنکا میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت اور آسمان کو چھوتی قیمتوں کے باعث پٹرول اور ایندھن کو محفوظ کرنے کی جدوجہد کے دوران قطار میں لگے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ سری لنکا میں معاشی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث شہری پٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق اتوار کے روز سری لنکا کے 2 مختلف حصوں میں پٹرول اور ایندھن لینے کے لیے لگی قطار میں انتظار کرتے ہوئے دو معمر افراد اچانک گرگئے اور جان کی بازی ہار گئے۔پولیس کے مطابق فوت ہونے والے افراد میں سے ایک کی عمر 70 سال تھی اور وہ پیشے سے ڈرائیور تھا جبکہ ذیابیطس اور دل کا مریض بھی تھا جبکہ دوسرے شخص کی عمر 72 سال تھی، دونوں ایندھن اور پیٹرول لینے کے لیے تقریباً چار گھنٹے سے قطار میں کھڑے تھے۔واضح رہے کہ سری لنکا میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی،مالیاتی بحران کے سبب خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے۔پیپر کی قلت کے باعث امتحانات کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اتوار کو سری لنکا نے خام تیل کا ذخیرہ ختم ہونے کے بعد اپنی واحد ایندھن ریفائنری میں بھی کام معطل کر دیاہے۔