پاکستان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے سری لنکا کے دورے پر ہے۔ مہمان ٹیم کولمبو کی ہوٹل میں ہی نماز عید ادا کرے گی
کولمبو: سری لنکا میں کشیدہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر کرفیو کے نفاذ کے بعد آج پاکستان کرکٹ ٹیم کا کولمبو میں پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا میں موجود ہے جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہوتی جا رہی ہے اور حکومت نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے کرفیو بھی نافذ کردیا ہے۔ پاکستان کا پریکٹس سیشن کولمبو کے پی سارا اوول اسٹیڈیم میں ہونا تھا لیکن ناخوشگوار صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریننگ سیشن کو منسوخ کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کولمبو کی سینامون گرینڈ ہوٹل کے اندر ہی نماز عید ادا کرے گی۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سیریز بھی غیریقینی نظر آرہی ہے، گوکہ ابھی آسٹریلیا کی ٹیم سری لنکا میں سیریز کھیل رہی ہے لیکن حال ہی میں سری لنکا میں صدر کی رہائش گاہ پر دھاوا بولنے اور پولیس سے کشیدگی کے بعد حالات مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ ہفتہ کو سری لنکا کے تجارتی دارالحکومت کولمبو میں ہزاروں مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر صدر کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا۔ صدر کے گھر کے اندر سے ایک فیس بک لائیو اسٹریم میں سیکڑوں مظاہرین کو دیکھا گیا، جن میں سے کچھ جھنڈوں میں لپٹے ہوئے، کمروں اور راہداریوں میں جمع ہو کر گوٹابایا راجا پاکسا کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ نوآبادیاتی دور کی سفید عمارت کے باہر بھی سیکڑوں لوگ زمین پر جمع ہوئے جہاں کوئی سیکیورٹی اہلکار نظر نہیں آیا۔ 2 کروڑ 20 لاکھ نفوس پر مشتمل یہ جزیرہ غیر ملکی زرمبادلہ کی شدید قلت سے دوچار ہے جس کے باعث ایندھن، خوراک اور ادویات کی ضروری درآمدات محدود ہیں، اور 1948ء میں آزادی کے بعد سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ گال میں پہلے ٹسٹ سے قبل 11 سے 13 جولائی تک دونوں ٹیمیں تین روزہ پریکٹس میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ سیریز کا پہلا ٹسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2015 ء میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر ٹسٹ سیریز 1-2 سے جیتی تھی۔