سری لنکا نے عمان کو 105 رنز سے شکست دی

   

کولمبو، 12 فروری (آئی اے این ایس) آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ بی مقابلے میں سری لنکا نے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد105 رنز سے شکست دی۔ میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 225/5 کا بڑا اسکور کھڑا کیا اور پھر منظم بولنگ کے ذریعے عمان کو 120/9 تک محدود کیا۔ عمان کے کپتان جتیندر سنگھ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، مگر یہ فیصلہ مہنگا ثابت ہوا۔ سری لنکن اننگزکی بنیاد پاون رتھنائیکے (28 گیندوں پر60)، کوسل مینڈس (45 گیندوں پر 61) اورکپتان داسن شناکا (20 گیندوں پر 50) کی جارحانہ نصف سنچریوں نے رکھی۔ ابتدا میں کمیل مشارا نے تیزکھیل پیش کیا لیکن جے اودیڈرا نے انہیں 8 رنز پر آؤٹ کیا۔ پاتھم نسانکا (13) بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ پاور پلے کے بعد رتھنائیکے اورکوسل مینڈس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ شراکت قائم کی۔ رتھنائیکے نے اسپنرزکے خلاف دلکش اسٹروکس کھیلے اور اپنی پہلی ٹی20 نصف سنچری مکمل کی، بعد ازاں جیتن رامنندی نے انہیں بولڈ کیا۔ اختتامی اوورز میں کپتان شناکا نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چھکے اور دو چوکے لگائے اور محض 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکورکی، جو کسی بھی سری لنکائی بیٹر کی تیز ترین ٹی20 نصف سنچری ہے۔ کامندو مینڈس نے بھی آخری لمحات میں تین بلند چھکے لگاکر اسکورکو 225 تک پہنچا دیا۔ ہدف کے تعاقب میں عمان کی شروعات مایوس کن رہی۔ عامرکلیم (6) اور جتیندر سنگھ (1) جلد پویلین لوٹ گئے۔ محمد ندیم نے 56 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی، جبکہ وسیم علی نے 27 رنزکی اننگز کھیلی، مگر مسلسل وکٹوں کے نقصان اور سخت بولنگ کے باعث ٹیم رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔ دشمنتھا چمیرا نے 2 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشنا (2-11) اور دنِتھ ویلالاگے نے بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 120/9 تک ہی پہنچ سکی۔ اس شاندار فتح کے ساتھ سری لنکا نے گروپ مرحلے میں اپنی مضبوط دعویداری کا واضح پیغام دے دیا ہے۔گروپ میں ٹیم نے اپنا موقف مستحکم کرلیا ۔