ڈمبولا : سری لنکا نے ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ فائنل میں طاقتور ہندوستان کو حیران کرتے ہوئے آج فائنل میں 8 وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ یہاں رنگیری ڈمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈیا نے میزبانوں کے خلاف 165/6 کا اسکور کیا۔ سری لنکا نے اِن فام کیپٹن اور اوپنر چمری اتھاپٹھو کی ایک اور عمدہ اننگز (61، 43 گیندیں) کی مدد سے ٹارگٹ کا حصول آسان بنایا اور 18.4 اوورز میں 167/2 پر جیت مکمل کرلی۔ تیسرے نمبر پر ہرشیتا سمراوکرما نے 69 ناٹ آؤٹ (51 گیندیں) کے ساتھ سری لنکا کو ایشیا کپ ٹائٹل دلایا۔ کویشا دلہاری نے بھی 30 ناٹ آؤٹ (16 گیندیں) اسکور کئے۔ ہرشیتا کو پلیئر آف دی میچ اور کیپٹن چمری کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ قبل ازیں ہندوستانی اننگز میں اوپنر سمرتی مندھا نے 60 رنز (47 گیندیں) کا ٹاپ اسکور کیا لیکن دیگر بیاٹرز نے خاطرخواہ مظاہرہ پیش نہیں کیا۔ کیپٹن ہرمن پریت نے 11، ریچا گھوش نے 30، جمیما راڈریگز نے 29 رنز بنائے۔