سری لنکا کا دورۂ پاکستان،3 ونڈے اور 3 ٹی 20

   

کراچی ۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کا م ) پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ونڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے پر اتفاق کر لیا ہے اور رواں سال پاکستان ونڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرے گا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز اکتوبر میں کھیلی جانی تھی جو ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کا حصہ ہے جس کے بعد 3 ونڈے اور 3 ٹی20 میچوں کی سیریز دسمبر میں منعقد ہونی تھی۔تاہم پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اب اس میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلے ونڈے اور ٹی20 سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹسٹ میچ دسمبر میں منعقد ہوں گے۔پاکستان کے لیے خوش آئند امر یہ ہے کہ یہ ونڈے اور ٹی20 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔نئے اعلان کے مطابق کراچی تین ونڈے میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد لاہور میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مقررہ سیریز ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کا حصہ ہے جس کے میچز تیسرے مقام پر کھیلے جانے تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو یہ میچز پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ بعدازاں سری لنکن حکام نے پاکستان میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا اور اس کی جگہ دونوں ملکوں کے درمیان ونڈے اور ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم ونڈے سیریز کھیلنے کے لیے 25 ستمبرکوکراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 27 ستمبر کو پہلا ونڈے میچ کھیلا جائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ونڈے میچ 29ستمبر اورتیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 5، 7 اور 9اکتوبر کو تین ٹی20 میچوں کی میزبانی کرے گا اور 10اکتوبر کو سری لنکن ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی۔دونوں ملکوں نے کامیابی مذاکرات کے بعد ٹسٹ میچز کے دسمبر میں انعقاد پر اتفاق کیا ہے جس کے مقام کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا لیکن یہ ٹسٹ میچز ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی سی بی سری لنکن کرکٹ سے مذاکرات کے کے نتیجے پر انتہائی خوش ہے جہاں سری لنکن بورڈ نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ان میچز کے انعقاد سے پاکستانی شائقین کا جدید دورکے اسٹارزکو ایکشن میں دیکھنے کا انتظار بھی بالآخر ختم ہو جائے گا اور اس سے ہمارے ازسرنو ترتیب کردہ ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر کو بھی مدد ملے گی۔احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی سری لنکن ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کا اور سیکوریٹی کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ شامی سلوا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کی کرکٹ تعلقات اور دوستی کی طویل تاریخ ہے ۔