گال ۔ 17 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) میزبان سری لنکائی ٹیم پہلے ٹسٹ میں یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی سے محض 135 رنز دور ہے جبکہ اس کے تمام وکٹیں محفوظ ہیں تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کو کامیابی حاصل کرنے کیلئے آخری دن 10 وکٹیں درکار ہیں اور اس کی تمام تر توجہ اپنے اسپنر اعجاز پٹیل پر مرکوز ہیں جنہوں نے پہلی اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے مطلوبہ نشانہ 268 رنز کے تعاقب میں پہلی وکٹ کیلئے 133 رنز بنالئے ہیں۔ کرونا رتنے 71 رنز اور کپتان تھریمینے 57 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ قبل از یں نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 285 رنز اسکور کئے ہیں جس کی وجہ سے مقابلہ میں اس کی گرفت ضرور مضبوط ہوئی لیکن چوتھی اننگز میں سری لنکائی اوپنرس نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی کامیابی کی امیدوں کو کسی قدر نقصان پہنچایا ہے۔ پہلے ٹسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈ کی تمام تر امیدوں کے محور اعجاز پٹیل ہوں گے جنہوں نے پہلی اننگز میں 89 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔