سری لنکا کیخلاف ٹسٹ سیریز ، فواد عالم کی شمولیت متوقع

   

کراچی ۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا جہاں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم میں 3 سے 4 تبدیلیاں متوقع ہیں۔ پاکستان کو دورہ آسٹریلیا میں متواتر ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور ٹی20 سیریز 0-2 سے ہارنے کے بعد آسٹریلیا نے ٹسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کو تختہ مشق بناتے ہوئے دونوں میچوں میں اننگز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ کیا۔سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے نسیم شاہ کو انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے رخصت کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اوپنر امام الحق کی بھی ٹیم سے چھٹی متوقع ہے جبکہ دونوں ٹسٹ میچوں میں ناکام رہنے والے افتخار احمد کو بھی خارج کیا جا سکتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے فواد عالم کی قسمت بالآخر کھلنے کا امکان ہے اور دورہ سری لنکا کے لیے انہیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رواں سال قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 864 رنز بنانے والے اوپنرسمیع اسلم کو بھی عمدہ کارکردگی کا صلہ ٹیم میں شمولیت کی صورت میں دیا جائے گا۔ نسیم شاہ کی جگہ اسکواڈ میں فاسٹ بولر راحت علی کی شمولیت متوقع ہے جبکہ موسیٰ خان کو خارج کیے جانے کی صورت میں احسان عادل یا میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکا کی ٹیم 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10سال بعد ٹسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔