لاہور۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹر مصباح الحق کو سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز مشکل نظر آنے لگی ،انہوں نے اظہرعلی ،محمد عباس اور یاسر شاہ کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ بولنگ کوچ وقاریونس نے کہا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر دورہ آسٹریلیا کے دوران توقعات کے مطابق بولنگ نہیں کرسکے۔ مصباح الحق نے انٹرویومیں کہاکہ آسٹریلیائی کنڈیشنزہمیشہ کی طرح مشکل تھیں جبکہ وہاب ریاض اورمحمد عامرکے نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بولرز پر انحصارکرنا مجبوری تھی، ہمارے بولروں آسٹریلیائی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں نہیں لاسکے۔ مصباح الحق نے کہا اظہرعلی، یاسر شاہ اور محمد عباس کی فارم تشویشناک ہے لیکن میں ایک یا دو میچز میں ناقص کارکردگی پر کسی کو ٹیم سے نکالنے کے حق میں نہیں ہوں ، انہیں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی موقع دیاجائے گا۔