کولمبو۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکن کرکٹ حکام نے کہا ہے کہ آئی سی سی سری لنکا کے تین سابق کھلاڑیوں سے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کے نام تو نہیں لیے لیکن کہا ہے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تحقیقات کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں میں کوئی بھی ٹیم کا موجودہ پلیئر نہیں ہے بلکہ تینوں سابق کھلاڑی ہیں۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کا یہ بیان ملک کے وزیر کھیل کے اس حوالے سے میڈیا میں تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے۔رپورٹس کے مطابق سری لنکن اسپورٹس منسٹر نے اشارہ دیا کہ آئی سی سی میچ فکسنگ کے حوالے سے موجودہ کھلاڑیوں سے تحقیقات کر رہا ہے۔ بورڈ کے بیان کے مطابق معزز وزیر نے اصل میں جس بات کا ذکر کیا وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تین سابق کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کے آغاز کے بارے میں تھا نہ کہ موجودہ کھلاڑیوں کے بارے میں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی جاری تحقیقات پر تبصرہ نہیں کرے گا۔