کراچی ۔21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں حائل رکاوٹیں آسانی سے دور ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا دورہ پاکستان کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے جبکہ سری لنکائی حکومت کی جانب سے بھی کرکٹ سری لنکا کو کلیئرنس کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق جائزہ وفد کے دورہ پاکستان میں مثبت رپورٹ کے باوجود کرکٹ سری لنکا فی الحال پی سی بی سے پاکستان آکر میچز کھیلنے سے متعلق کوئی وعدہ کرنے کے موقف میں نہیں اور دورے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے کیونکہ باہمی سیریز سے قبل کچھ معاملات کو طے کرنا ضروری ہوگا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرکٹ سری لنکا کو ممکنہ دورے میں میچز کیلئے دو مختلف شیڈول بھیجے گئے ہیں جس پر غور کے بعد بورڈ اسے ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے منظوری کیلئے پیش کرے گا۔ذرائع کے مطابق اگر ایگزیکٹو کمیٹی سے دورہ پاکستان کیلئے منظوری مل گئی تو مرکزی حکومت سے اجازت درکارہوگی لہٰذا گزشتہ دنوں پاکستان جانے والے سیکیورٹی وفد کی مثبت رپورٹ کے باوجود پاکستانی سرزمین پر سری لنکائی کھلاڑیوں کے قدم رکھنے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا کا دورہ ستمبر ، اکتوبر میں مقرر ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹسٹ سیریزکا ایک میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کی جانب سے بھیجے گئے باہمی میچوں کے دو شیڈول میں سے ایک ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ہے جبکہ دو ٹسٹ میچوں کیلئے بھی شیڈول بنا کر بھیجا گیا ہے۔ مذکورہ ٹسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے متحدہ عرب امارات پاکستانی ٹیم کاہوم گراؤنڈ بنا ہوا ہے۔