سری لنکا کے دورہ پاکستان کو یادگار بنانے کی تیاریاں

   

لاہور۔28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سنجیدہ اقدامات کرنے کیساتھ ساتھ سری لنکا کے دورہ پاکستان کو یادگار بنانے کیلئے سرگرم ہو گیا اور تیاریوں کا بھرپور طریقے سے آغازکر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔ سری لنکا کے دورہ پاکستان میں ہونیوالی ونڈے اور ٹی 20 سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مہمان ٹیم کے سکیورٹی انتظامات سمیت ہر ڈیپارٹمنٹ اپنی تیاریوں پر تفصیلات فراہم کی اور مختلف تجاویز پر مشاورت بھی ہوئے۔ شائقین کرکٹ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کب شروع ہو گی ٹکٹ کی قیمت کیا رکھی جائے، اس پر بھی حتمی فیصلہ اجلاس میں ہی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کو صدارتی لیول کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد متوقع ہے ، اگلے دن دونوں ٹیموں کے کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان 26 ستمبر کو پریس کانفرنس کریں گے اور27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ونڈے میچ کھیلاجائے گا۔ 3 اکتوبرکو دونوں ٹیمیں لاہور پہنچیں گی ۔ قذافی سٹیڈیم میں 5 اکتوبر کو پہلے ٹی ٹونٹی کا میلہ سجے گا۔