سری لنکا کے سابق نیول چیف گرفتار

   

کولمبو 29جولائی (یو این آئی) سری لنکا میں تفتیش کاروں نے پیر کے روز بحریہ کے سابق سربراہ کو ایک مشتبہ شخص کے اغوا اور 15سال قبل گمشدگی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات کرنے والے ایک افسر (جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، کیوں کہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں تھی) نے کہا کہ ایڈمرل نسانتھا اُلُگیتنے کو 2010میں ہونے والی گمشدگی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، جب وہ نیول انٹلی جنس ڈائرکٹوریٹ کے سربراہ تھے۔ اُلُگیتنے جو دسمبر 2022ء میں بحریہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکا کے سفیر کی حیثیت سے کیوبا میں خدمات انجام دے چکے ہیں، انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔

عدالت نے سابق صدر اوریبے کو مجرم قرار دیا
بوگوٹا29جولائی (یو این آئی) کولمبیا کے سابق صدر البارو اوریبے کو ایک کیس میں گواہوں کو متاثر کرنے کا قصوروار پایا گیا ہے ۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق وہ جنوبی امریکی ملک کے پہلے سابق صدر ہیں، جنہیں مجرمانہ طور پر سزا سنائی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ البارو اوریبے 2002سے 2010تک صدر رہے۔ سابق صدر نے 2018میں اپنے خلاف تحقیقات شروع ہونے کے بعد خود کو تمام الزامات سے بری الذمہ بتایا۔