سری لنکا کے نئے صدر نے عمران خان کے دورۂ پاکستان کی دعوت کو قبول کرلیا

   

Ferty9 Clinic

کولمبیا۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے نو منتخبہ صدر گوٹابایا راجہ پکسے نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اس دعوت کو قبول کرلیا ہے جہاں انہوں نے گوٹابایا کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ یہاں موجود پاکستانی ہائی کمیشن نے یہ بات بتائی۔ اطلاعات کے مطابق عمران خان نے منگل کے روز راجہ پکسے کو فون کرکے انہیں سری لنکا کا نیا صدر بننے پر مبارکباد پیش کی تھی اور کہا تھا کہ موصوف اپنی پہلی فرصت میں پاکستان کا دورہ کریں تو حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام ان کے (راجہ پکسے) مشکور ہوں گے۔ یاد رہے کہ راجہ پکسے 29 نومبر کو ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں اور انہیں ہندوستان کے دورہ کی دعوت وزیراعظم ہند نریندر مودی نے دی تھی۔ وزیر خارجہ ہند ایس جے شنکر نے یہ بات بتائی۔ راجہ پکسے کا صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا سرکاری غیر ملکی دورہ ہوگا۔ جے شنکر خود بھی دو روزہ غیر معلنہ دورہ پر سری لنکا آئے ہیں اور اس طرح وہ صدر راجہ پکسے سے ملاقات کرنے والے پہلے بیرونی قائد بن گئے ہیں۔ جے شنکر اپنے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کا ایک شخصی مکتوب لے کر گئے ہیں جس میں نریندر مودی نے راجہ پکسے کو مبارکباد پیش کی ہے۔ علاوہ ازیں وہ اپنے ساتھ ایک دعوت نامہ بھی لے کر گئے ہیں جو راجہ پکسے کے حوالے کیا گیا ہے جس میں انہیں دورۂ ہند کی دعوت دی گئی ہے۔ مودی نے اتوار کو راجہ پکسے کو فون کرکے انہیں انتخابات میں کامیابی اور صدر کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کی مبارکباد بھی دی تھی۔