سری لنکن ائر لائینز کا ہندوستان کے کئی شہروں سے پروازوں کا منصوبہ

   

نئے شہروں سے آغاز اور موجودہ پروازوں میںاضافہ کیلئے بھی اقدامات
حیدرآباد 22 اگسٹ(سیاست نیوز) سری لنکن ائیرلائنس نے جلد ہی ملک کے کئی شہروں سے اپنی پروازوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ حیدرآباد سے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کے ذریعہ سری لنکا میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائیگا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سری لنکن ائیرلائنس مسٹر رچرڈ نٹال نے بتایا کہ ہندوستانی شہروں سے ائیر لائنس کی فضائی خدمات میں وسعت کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ ایک سال میںگجرات احمدآباد سے سری لنکن ائیر لائنس کی پروازوں کا سلسلہ شروع کی جائے گا۔انہو ںنے بتایا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کورونا دور میں سیاحتی سرگرمیوں میں گراوٹ آئی ہے اور اس کو دکھتے ہوئے جو پروازوں کا سلسلہ کم ہوا تھا اب ان میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔مسٹر رچرڈ نے کہا کہ ہندوستانی شہروں بنگلورو‘ چینائی ‘ دہلی ‘ کوئمبتور‘ مدورائی ‘ ممبئی اور حیدرآباد و دیگر شہروں سے پروازوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہو ںنے ہند۔سری لنکا کے درمیان پروازوں میں اضافہ کے اقدامات کو طویل مدتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندستانی شہریوں کی قوت خرچ میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے یہ فیصلہ کیا اور آئندہ برس میںنئی پروازوں کے علاوہ موجودہ پروازوں میں اضافہ کیا جائیگا ۔شہر سے سری لنکا کیلئے ہفتہ میں 6پروازیں ہیں جنہیں دوگنا کرنے کمپنی جائزہ لے رہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ فضائی کمپنی نے اندرون 12 ماہ کم از کم 4 نئے شہروں سے پروازوں کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا ہے جن میں احمدآباد کو قطعیت دی جاچکی ہے اور مزید شہروں کے انتخاب کا سلسلہ جاری ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کمپنی ماہرین اور محققین کی جانب سے کوئمبتور ‘ کولکتہ اور وشاکھا پٹنم سے بھی نئی پروازوں کے آغاز کی سفارش کی جاچکی ہے۔کمپنی سی ای او کا کہناہے کہ ہندستانی سیاح جو سری لنکا کا سفر کر رہے ہیں ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ کودیکھتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں سے سری لنکا کے مختلف مقامات تک پروازوں کا آغاز کیا جا رہاہے اور اس کے علاوہ سری لنکن ائیر لائنس نے دیگر قریبی ممالک بشمول آسٹریلیاء ‘ تھائی لینڈ اور ملیشیاء کیلئے پروازوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان ممالک سے بھی سیاحت میں اضافہ ہوسکے۔