کولمبو ۔ سری لنکا میں ہفتہ کے دن مظاہرین نے صدر کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا۔ تاہم اس سے کچھ دیر قبل صدر گوٹیابایا راجا پاکسا کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔ اس جنوب ایشیائی ملک میں غیر معمولی اقتصادی بحران سے تنگ عوام حکومت کے خلاف مسلسل مظاہرے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہو گئے ہیں، اس لیے انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ کولمبو میں واقع صدر کی رہائش گاہ کے باہر جمع مظاہرین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ملک کی موجودہ مخدوش صورتحال کی ذمہ دار حکومت کی بد انتظامی ہی ہے۔سری لنکا کے سابق کرکٹر سنت جے سوریا نے ہفتہ کو صدر گوٹابایا راجا پکسے کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو اس طرح متحد کبھی نہیں دیکھا۔