سری نگر جموں قومی شاہراہ ساتویں روز بھی بند

   

سری نگر۔ 12فروری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر ۔جموں قومی شاہراہ منگل کے روز مسلسل ساتویں روز ٹریفک کی نقل وحمل کیلئے بند رہی۔ٹریفک حکام کی وساطت سے یو این آئی کومعلوم ہوا کہ قریب تین سو کلو میٹر طویل قومی شاہراہ کو قابل آمد رفت بنانے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کا م پر لگی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ صاف ہونے کے بعد ہی ٹریفک کی بحالی کے بارے میں کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 13اور14 فروری کو برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رام بن اور رامسو سیکٹر میں گر آئے چٹانوں کے ملبے کو تقریباً ہٹایا گیا ہے لیکن گزشتہ شب کے دوران مزید دو چٹانیں کھسک آئیں تاہم وہ زیادہ بڑی نہیں ہیں ان کے ملبے کو جلد ہی صاف کیا جائے گا۔