سری نگر لال چوک سے خواتین بائیک ریلی روانہ

   

سری نگر، 23 ستمبر (آئی اے این ایس) سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے منگل کو سری نگر کے تاریخی لال چوک سے 33 خواتین بائیکرز پر مشتمل ہائی آلٹیٹیوڈ بائیک ریلی کو پینگانگ تسو (لداخ) کے لیے روانہ کیا۔ یہ ریلی 1,400 کلو میٹرکا فاصلہ طے کرے گی۔ سی آر پی ایف کے مطابق یہ مہم خواتین کے حوصلے، حب الوطنی، اتحاد اور بااختیاری کی نمائندگی کرتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں تائیکوانڈوکا شاندار مظاہرہ اورکشمیری لوک رقص پیش کیا گیا۔ سی آر پی ایف مقامی پولیس کے ساتھ جموں و کشمیر میں امن و امان اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ نئی حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کے ساتھ ان کے اوورگراؤنڈ ورکروں، ہمدردوں اور منشیات فروشوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ منشیات اور حوالہ رقوم کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔