سری نگر میں سرد ترین رات ریکارڈ

   

سری نگر 26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کے بیچ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہورہا ہے جس کے باعث جہاں سری نگر میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی وہیں جمعرات کی صبح وادی کے آبی ذخائر کے ساتھ ساتھ نل اور پانی کی سپلائی لائنیں و ٹنکیاں بھی منجمد پائی گئیں۔کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم دررجہ حرارت بالترتیب منفی 12.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 30.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔