xسری نگر: شہر سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد میں کورونا وبا کے پیش نظر امسال بھی عیدلاضحیٰ کے موقع پر چہارشنبہ کے روز نماز عید ادا نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ انجمن اوقاف جامع مسجد، جس کی سربراہی حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کر رہے ہیں، نے لیا ہے ۔ یاد رہے کہ کورونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے تاریخی جامع مسجد میں گزشتہ زائد از دو ماہ سے نماز جمعہ و دیگر اجتماعی نمازیں معطل ہیں۔ تاریخی جامع مسجد میں گزشتہ تین برسوں سے مسلسل عید الاضحی کے موقع پر نماز عید ادا نہیں کی گئی۔ سال گزشتہ بھی اس جامع میں کورونا وبا کی وجہ سے نماز عید ادا نہیں کی گئی تھی جبکہ سال 2019 میں پاچ اگست کے مرکزی حکومت کے فیصلے نماز عید کی ادائیگی میں آڑے آئے تھے ۔ انجمن کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ چونکہ اجتماعی نمازوں کی ادائیگی پر کورونا وبا کے پیش نظر پابندی عائد ہے لہذا تاریخی جامع مسجد میں عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز عید ادا نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامع کے دروازے بند رہیں گے اور ان کو کھولنے کا فیصلہ ماہرین صحت و دیگر متعلقین کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی لیا جائے گا۔ ادھر جامع مسجد کے گرد وپیش جامع مارکیٹ کھلا ہے اور اس بازار میں تمام دکانیں کھلی ہیں اور لوگ خریداری کرنے میں مصروف ہیں۔