بنکاک۔ ٹاپ بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت جنہوں نے حال ہی میں ہندوستان کی تاریخی تھامس کپ کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ اب یہاں تھائی لینڈ اوپن میں مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ اولمپکمیں میڈل جیتنے والی سائنا نہوال پہلے مرحلے میں رکاوٹ کو عبور کرنے میں ناکام رہی۔ اس بی ڈبلیو ایف سوپر 500 ٹورنمنٹ میں آٹھویں سیڈ سری کانت نے پہلے راؤنڈ کے میچ میں فرانس کے برائس لیورڈیز کو 49 منٹ میں 18-21 21-10 21-16 سے شکست دی۔ اب ان کا مقابلہ آئرلینڈ کے کوالیفائر انہاٹ نگین سے ہوگا جنہوں نے پہلے راؤنڈ میں ڈنمارک کے ہنس کرسٹیان سولبرگ وِٹنگس کو 21-12 23-21 سے شکست دی۔ لندن اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی سائنا کو خواتین کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں 50 منٹ میں کوریا کی کم گا یون سے 21-11 15-21 17-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔