حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : پہلے سکھ گرو ، اور سکھ مذہب کے بانی سری گرونانک دیوجی کی 556 ویں یوم پیدائش تقاریب ، پرکاش اتسو کے سلسلہ میں سکھوں کی جانب سے آج مقدس جلوس ’ نگر کیرتن ‘ ، گردوارہ سنگھ سبھا ، اشوک بازار سے نکالا گیا جو افضل گنج ، سدی عنبر بازار ، جام باغ ، پتلی باولی ، سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ سے گذرتے ہوئے شام میں گردوارہ سنگھ سبھا پہنچا ۔ خوبصورتی کے ساتھ سجائی گئی ایک گاڑی میں سری گرو گرنتھ صاحب جی کے ساتھ یہ جلوس نکالا گیا جس کے دوران سکھ نوجوانوں نے مارشل آرٹ ’ گٹکا ‘ میں ان کی مہارت کے مظاہرے کیے ۔ کیرتنی جتھوں نے شاہ باد کیرتنس پیش کئے ۔ پربندھک کمیٹی صدور ستویندر سنگھ بگہ ، ایس بلدیو سنگھ بگہ ، جسپال سنگھ ٹوٹیجا ، نائب صدر ، جنرل سکریٹریز جگموہن سنگھ ، جوگیندر سنگھ ، مجرال ، سکریٹری ہرپریت سنگھ گلاٹی اور دیگر کمیٹی ممبرس نے کہا کہ ان تقاریب کے سلسلہ میں وشال دیوان ( بڑا اجتماع ) 5 نومبر کو صبح 10-30 تا 4 بجے شام نمائش میدان نامپلی حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں 25 ہزار سے زائد سکھ اور دوسری کمیونٹی کے افراد شرکت کرینگے ۔ اس ایونٹ میں مشہور راگی جتھوں کی جانب سے گربانی کیرتنس پیش کئے جائیں گے جنہیں شاہ باد کیرتنس پیش کرنے کیلئے ملک کے مختلف مقامات سے مدعو کیا گیا ہے ۔ اجتماع کے اختتام پر شرکاء کیلئے گرو کا لنگر ( فری کمیونٹی کچن ) کا اہتمام رہے گا ۔ ان تقاریب کے سلسلہ میں دو نائیٹ کیرتن دربار منعقد ہوں گے جس میں ایک نائیٹ کیرتن دربار 4 نومبر کو شام 7 تا 10-30 بجے شب گردوارہ صاحب سکندرآباد اور دوسرا نائیٹ کیرتن دربار 5 نومبر کو 9 تا 2 بجے شب گردوارہ سری گرو سنگھ سبھا ، افضل گنج پر منعقد ہوگا ۔ جس میں مشہور راگی جتھے گربانی کیرتنس پیش کریں گے ۔۔ A