سری ہری کوٹہ سے ساونڈنگ راکٹ خلا میں چھوڑا گیا

   

حیدرآباد۔ ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو)نے جمعہ کی شب ایک ساونڈنگ راکٹ چھوڑا۔دو مراحل پر مشتمل یہ راکٹ خلا میں متوازن ہواوں اورپلازمہ کے حالات میں تبدیلیوں کا جائزہ لے گا۔اپنے ٹوئیٹ میں اسرو نے کہا ساونڈنگ راکٹ (آرایچ۔560) کو سری ہری کوٹہ سے چھوڑاگیا تاکہ خلا میں متوازن ہواوں اور پلازمہ کے حالات کا جائزہ لیاجاسکے ۔یہ ساونڈنگ راکٹ دو مراحل پر مشتمل ہے جس کا استعمال بالائی فضائی کرہ کے علاقہ کا جائزہ لینے کیلئے کیاجائے گا۔ اسرو نے 1965سے دیسی ساختہ راکٹس کو چھوڑنے کا آغاز کیا تھا۔1963میں تھمباایکوٹرئیل راکٹ لانچنگ اسٹیشن کے تھمبا میں قیام کے بعد فضا کے بالائی طبقات کے طبعی اور کیمیائی مظاہر کا مطالعہ و فضائی سائنس کے امکانات میں پیشرفت کی گئی۔21نومبر1963کو تروننتاپورم کے قریب واقع تھمبا سے پہلے ساونڈنگ راکٹ کو چھوڑے جانے کے بعد ہندوستان نے خلائی پروگرام کی شروعات کی تھی۔